فائل فوٹو
فائل فوٹو

تمام مسالک کے علما کا دشمن کی سازشیں خاک میں ملانے کا پختہ عزم

اسلام آباد امن کمیٹی کے سیکریٹری قاری عبید احمد ستی نے تمام مکاتب فکر کے جید علما کرام کے ہمراہ پمز ہسپتال کے سامنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسجد میں ہونے والے حالیہ دھماکے کی شدید  مذمت کی ہے۔

 قاری عبید احمد ستی نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام مکاتب فکر کے علما اس افسوسناک واقعے پر رنجیدہ ہیں اور اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن قوتیں ہمیشہ سے ملک میں فرقہ وارانہ رنگ دے کر علما اور عوام کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کرتی آئی ہیں۔

انھوں نے کہاکہ دشمن اپنی ان سازشوں میں کبھی ناکام ہوتا ہے تو کبھی (ارادوں میں) کامیاب، لیکن ہمارا اتحاد ہی اس کا سب سے بڑا جواب ہے۔”

قاری عبید احمد ستی نے تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ  ہم سب کا قبلہ اور کعبہ ایک ہے، اس لیے ہمیں فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہونا ہوگا۔

انھوں نے کہاکہ  ملک اور پاکستان کی بقا کے لیے ہم سب ایک جان اور ایک قالب ہیں۔ اس طرح کے بزدلانہ واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور نہ ہی ہمیں کمزور کر سکتے ہیں۔

علما کرام نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے  تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے باور کرایا کہ پوری قوم متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اسلام آباد امن کمیٹی شہر میں بھائی چارے اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔