پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ دہشت گرد حملے پاکستان کے امن اور معاشی استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں اور کالعدم تنظیمیں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے خطے میں بدامنی پھیلانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحد پار محفوظ ٹھکانوں سے دہشت گرد کارروائیاں منظم کی جا رہی ہیں، تاہم پاکستان دہشت گردی کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی جاری رکھے گا۔
عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ تاریخی اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون دہائیوں پر محیط شراکت داری کا تسلسل ہے۔ ان کے مطابق برادرانہ تعلقات اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اس معاہدے کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا اہم معاشی شراکت دار ہے اور دفاعی معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے، جو خطے میں استحکام کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
عاصم افتخار نے غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستقل جنگ بندی اور فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos