ایبٹ آباد یونیورسٹی میں طلبا کے درمیان خونی تصادم ، ایک جاں بحق ،2 زخمی

تھانہ قلندر آباد کی حدود سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی، ورثا کی تلاش جاری

               
February 11, 2026 · قومی

رپورٹ :نویداکرم عباسی:

ایبٹ آباد میں دو مختلف ناخوشگوار واقعات میں یونیورسٹی کا ایک طالب علم جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے، جبکہ ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔

 تھانہ حویلیاں کی حدود میں واقع ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں طلبہ کے دو گروہوں کے درمیان معمولی رنجش پر جھگڑا ہوا، جس نے سنگین رخ اختیار کر لیا۔

تصادم کے دوران فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت عبداللہ ولد خانزادہ (عمر 23 سال، سکنہ کیلگ ہری پور) کے نام سے ہوئی ہے، جو انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن (ISF) کا سرگرم رکن بتایا جاتا ہے۔ واقعے میں احسن ولد آصف اور ریحان ولد عبدالشکور شدید زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

 دوسرے واقعے میں تھانہ قلندر آباد کی حدود سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل کی گئی۔ تاحال مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی اور نہ ہی کوئی وارث سامنے آیا ہے۔

تھانہ قلندر آباد پولیس کی جانب سے اشتہار جاری کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شہری اس شخص کے بارے میں معلومات رکھتا ہو تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے تاکہ میت ورثا کے حوالے کی جا سکے۔ پولیس دونوں واقعات کی تفتیش تمام پہلوؤں سے کر رہی ہے۔