وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیجیٹل ٹریفک چالان سسٹم ’’ون ایپ‘‘ کا افتتاح کر دیا ہے، جو ملکی سطح پر شواہد پر مبنی ٹریفک انفورسمنٹ کا پہلا نظام ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس سسٹم کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی، جس سے چالان کی شفافیت اور قابل تصدیق ثبوت یقینی ہوں گے۔ موقع پر شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور چوری شدہ گاڑیوں کی تصدیق ممکن ہوگی جبکہ گاڑی کی ملکیت، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی فوری جانچ بھی کی جا سکے گی۔ علاوہ ازیں، تجاوزات اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر بھی ڈیجیٹل کارروائی کی جائے گی۔
ون ایپ کے ذریعے ای-چالان، ایف آئی آر اسٹیٹس اور سیور کریمنل ریکارڈ کی جانچ بھی کی جا سکے گی۔ دوسرے مرحلے میں پوائنٹ سسٹم متعارف کروایا جائے گا اور ٹریفک خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر کا اندراج ممکن ہوگا۔ شہریوں کو ٹریفک خلاف ورزی کی تفصیلات کیو آر کوڈ کے ذریعے بھی موصول ہوں گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ڈیجیٹل شواہد کے ذریعے شفاف اور بلا امتیاز انفورسمنٹ ممکن ہوگی اور ون ایپ کے نفاذ سے سڑکوں پر نظم و ضبط اور محفوظ سفر کو فروغ ملے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos