اسلام آباد:سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کے ٹرائل کیخلاف سماعت پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور فیملی ممبر کی موجودگی میں بانی کا میڈیکل کرانے کی استدعا مسترد کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کے ٹرائل کیخلاف سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی نے جیل میں حفاظتی اقدامات اور کھانے پینے کی سہولیات پر اظہار اطمینان کیا،بیرسٹر سلمان صفدر نے رپورٹ میں شامل سفارشات پڑھ کر سنائیں،سلمان صفدر نے کہاکہ بانی کا طبی معائنہ فیملی ممبر کی موجودگی میں کرایا جائے،عدالت نے فیملی ممبر کی موجودگی میں میڈیکل کرانے کی استدعا مسترد کردی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کو کچھ کتابیں بھی فراہم کی جائیں،عدالت نے کہاکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ ڈاکٹرز کتابیں پڑھنے کا مشورہ دیں تو فراہم کردی جائیں گی۔
عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس کے ٹرائل کیخلاف سماعت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ ہم اس پر مناسب آرڈر کریں گے،رپورٹ میں دیگر سفارشات کو خود دیکھیں گے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک معاملہ زیرالتوارکھیں گے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کے صحت کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کررہے ہیں،بانی کی صحت کے معاملے پر بھی مناسب فیصلہ دیں گے،صحت کا مسئلہ سب سے اہم ہے،صحت کے معاملے پر حکومت کا موقف جاننا چاہتے ہیں۔
اٹارنی جنرل نے کہاکہ صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمے داری ہے،اگر قیدی مطمئن نہیں تو ریاست اقدامات کرے گی،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ بانی کی بچوں سے ٹیلی فون کالز کا ایشو بھی اہم ہے،ہم حکومت پر اعتماد کررہے ہیں،آج حکومت اچھے موڈ میں ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos