کراچی: کاٹھور کے قریب ایم نائن موٹر وے پر آئل ٹینکر ، مسافر بس ،سوزوکی،ایک اور گاڑی کے درمیان پیش آنے والے ہولناک حادثے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کے متعدد افراد پل سے نیچے گر گئے، جاں بحق افراد میں 3 خواتین، 2 بچے، 2 بچیاں اور 2 مرد شامل ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتار آئل ٹینکر کے مسافر بس پر الٹنے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں بس بری طرح متاثر ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ آئل ٹینکر کا ٹائر برسٹ ہونے سے ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے ،ٹائر برسٹ ہونے سے آئل ٹینکر بس سے ٹکرا گیا اور توازن کھو کر سڑک پر پہلو کے بل الٹ گیا۔ ٹینکر میں موجود تیل فوری طور پر سڑک پر بہنے لگا، تیل بہنے کا عمل اب بھی جاری ہے۔
حادثہ تین گاڑیوں کے درمیان پیش آیا ہے ،موٹر وے پولیس کے اہلکار بھی جائے حادثہ میں موجود ہیں اور صورتحال کو سنبھال رہے ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور سڑک پر دونوں اطراف سے ٹرفک کو حادثہ کی جگہ سے دور روک دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد سندھ پولیس کے سربراہ (آئی جی سندھ) نے متعلقہ پولیس حکام کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت جاری کی اور علاقے کو محفوظ بنانے کا حکم دیا۔ پولیس اور ریسکیو ادارے تاحال موقع پر موجود ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos