اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا معطل کرنے اور ضمانت پر رہائی کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی دائیں آنکھ ایک سنگین بیماری کا شکار ہے، جس کا علاج جیل میں ممکن نہیں۔ پمز کے ڈاکٹر محمد عارف کے مطابق دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ عمر 73 سال ہونے کی وجہ سے ضمانت پر رہائی ضروری ہے۔
علاوہ ازیں، 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بھی سزا معطل کرنے کے لیے متفرق درخواست دائر کی گئی ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کی جائیں گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos