بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے دو ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل پینل تشکیل دے دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے تشکیل دیے گئے میڈیکل پینل میں ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹر ندیم قریشی شامل ہیں۔میڈیکل پینل کسی وقت عمران خان کا معائنہ کرے گا، معائنہ کے بعد انہیں اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ ہوگا۔ادھر ذرائع کا کہناہے کہ وفاقی حکومت اورتحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے آغاز پر اصولی اتفاق ہو گیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق حالیہ سیاسی کشیدگی اور قانونی معاملات کو حل کرنے کے لیے بیک ڈور رابطوں نے باقاعدہ بات چیت کی شکل اختیار کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج سے متعلق معاملات پر بھی پیش رفت ہوئی ہے۔
عمران خان کا طبی معائنہ اور علاج جیل مینول کے تحت ہی کیا جائے گا اور اس حوالے سے طریقہ کار پر دونوں جانب سے اتفاق پایا گیا ہے۔ عمران خان کی آنکھ کے علاج کے حوالے سے خصوصی مشاورت کی گئی۔ سیکیورٹی صورتحال اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ علاج کسی اسیر ملزم کے لیے طے شدہ جیل مینول کے مطابق ہی کرایا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کا موقف ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو خصوصی رعایت نہیں دی جا سکتی۔دوسری جانب پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ طبی سہولت بنیادی حق ہے اور علاج میں تاخیر کسی صورت مناسب نہیں ۔ فریقین نے درمیانی راستہ نکالنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ نہ صرف قانونی تقاضے پورے ہوں بلکہ سیکیورٹی خدشات بھی دور کیے جا سکیں۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان احتجاجی سرگرمیوں کو ختم کرنے کے لیے بھی مذاکرات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اگر طبی اور قانونی معاملات میں پیش رفت برقرار رہی تو سیاسی درجہ حرارت میں کمی آ سکتی ہے۔اس کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
ذرائع کا کہناہے کہ آئندہ چند روز میں مذاکرات کے باقاعدہ آغاز کا اعلان بھی متوقع ہے۔ اگر فریقین اعتماد سازی کے اقدامات پر عمل درآمد کرتے ہیں تو سیاسی بحران میں کمی آ سکتی ہے۔
ملکی سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے اور اسے ممکنہ ڈیڈ لاک بریک تھرو سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی آنکھ کے جاری علاج کے تسلسل میں مزید معائنہ کیا جائے گا۔ ٹوئٹ میں عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کا ماہرینِ امراضِ چشم ایک خصوصی طبی ادارے میں علاج کریں گے اور ان کے علاج اور معائنے کی تفصیلی رپورٹ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے معاملے پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
ادھر ، پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بتایا گیا ہے حکومت عمران خان کو شفا انٹرنیشنل لے جانے کیلئے رضامند ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos