عمران خان کی آنکھوں کا علاج،ایمبولینس اڈیالہ جیل پہنچ گئی

February 15, 2026 · اہم خبریں, قومی

راولپنڈی: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی آنکھوں کے علاج سے متعلق پیش رفت سامنے آئی ہے، ہولی فیملی اسپتال کی ایمبولینس اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق ایمبولینس گیٹ نمبر 5 سے جیل کے احاطے میں داخل ہوئی جبکہ اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایمبولینس میں آنکھوں کے معائنے سے متعلق ضروری آلات موجود تھے اور حکومتی میڈیکل بورڈ کے ارکان بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر عمران خان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں کسی اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن اتحاد نے عمران خان کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اسپتال منتقلی کا مطالبہ کیا ہے اور مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں احتجاج کا اعلان بھی کیا تھا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے آنکھوں کے معائنے کے لیے الشفاء آئی اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا، جب کہ سپریم کورٹ نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلی رپورٹ 16 فروری سے قبل عدالت میں جمع کرائی جائے۔