نوشہرو فیروز،ٹریفک حادثہ میں 6 افراد جاں بحق
نوشہرو فیروز میں قومی شاہراہ پر ایک بھیانک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ ناگو شاہ ناکہ سٹاپ کے قریب تیز رفتار کار اور ٹرالر کے تصادم کے باعث ہوا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق سولنگی برادری سے ہے اور وہ لاڑکانہ سے کراچی کی طرف سفر کر رہے تھے۔ میتیں فوری طور پر نوشہرو فیروز ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
اسی دوران قصور میں رائیونڈ روڈ جبومیل سٹاپ کے قریب بس اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جاں بحق اور اس کا بھائی زخمی ہو گیا۔ ریسکیو حکام نے دونوں کو فوری طور پر بابا بلھے شاہ ہسپتال منتقل کیا۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں پر محتاط ڈرائیونگ کریں اور رفتار کی حد کا خیال رکھیں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔