عمران خان کی دائیں آنکھ بینائی 6/6،بائیں عینک کیساتھ 70 فیصدہے:وفاقی وزیر قانون
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6/6 ہے جبکہ دوسری آنکھ عینک کے ساتھ 70 فیصد ہے۔
شیخورہ بار کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ وکلا کے مسائل کا ادراک ہے اور ان مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، انصاف کی فراہمی میں بار اور بینچ میں تعاون ناگزیر ہے،وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مشکل فیصلوں کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام اشد ضروری ہے، ریاست پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر ہمارا حصہ ہیں،موٹر ویز اور جی ٹی روڈ کی بندش غیر آئینی اقدام ہے، خیبرپختونخوا حکومت آئین اور قانون کی پاسداری کرے، اگر کے پی حکومت سڑکیں نہیں کھولے گی تو پھر وفاق کو آئین پر عمل کرتے ہوئے ایکشن لینا پڑے گا پھر کسی کو برا نہ لگے، ہم سب نے مل کر اس ملک کو بہتری کی طرف لے جانا ہے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کاکہناتھاکہ طبی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کے جاری علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیاہے، اپوزیشن رہنماؤں اور بانی کے ذاتی معالجین کوبھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی عینک لگا کر70 فیصد جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی 6/6 ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پمز اور الشفاء انٹرنیشنل کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا مکمل اور تفصیلی طبی معائنہ کیا تھا،اس سے قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد وکیل سلمان صفدر نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی 15 فیصد تک رہ گئی ہے ،سپریم کورٹ نے 16 فروری تک بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔