فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اماراتی قیادت سے ملاقات، سلامتی و تعاون مضبوط بنانے کا عزم

February 16, 2026 · اہم خبریں, قومی

ابوظہبی: چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی سلامتی کا ناگزیر حصہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعاون، بالخصوص معیشت، سرمایہ کاری اور سکیورٹی کے شعبوں میں روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ خطے کی مجموعی صورتحال اور امن و استحکام کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسلسل رابطہ کاری اور باہمی اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی معیشت اور سلامتی کے لیے اماراتی حکومت کی طویل المدتی حمایت اور سرمایہ کاری پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری موجود ہے، اور پاکستان اس تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ دونوں برادر ممالک کے مفادات کا تحفظ اور خطے میں امن و خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔