کراچی کی تاریخ کی سب سے بڑی واردات،30 کروڑ کا سونا اور ہیرے چوری

February 16, 2026 · قومی

کراچی: شہر قائد کی تاریخ کی سب سے بڑی نقب زنی کی واردات میں اورنگی ٹاؤن کے اقبال مارکیٹ میں واقع جیولری شاپ کی دیوار توڑ کر 30 کروڑ روپے مالیت کا سونا اور 25 لاکھ روپے مالیت کے ہیرے چوری کر لیے گئے۔

واردات کی تفصیلات کے مطابق نقب زن جیولری شاپ کی عقبہ جانب سے چھوٹے سوراخ کے ذریعے اندر داخل ہوئے اور 606 تولے سونا اور قیمتی ہیرے لے کر فرار ہو گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نقب زن نے چہرہ چھپایا اور کیمرے کو کور کرنے کی کوشش کی۔

متاثرہ جیولر ایوب خان نے 12 فروری کی شب دکان بند کی تھی اور 14 فروری کی صبح دکان کھولنے پر سامان خالی پایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کی اور کہا کہ ملزمان کی گرفتاری اور لوٹے گئے مال کی بازیابی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ سیکیورٹی سخت کرنے اور حساس تجارتی مراکز کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔