پشاور:شانگلہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک، 3 اہلکار شہید

February 17, 2026 · اہم خبریں, قومی

پشاور: ضلع شانگلہ کے علاقے کبل گرام میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا، جن میں سرغنہ نور اسلام عرف سلمان بھی شامل ہے۔ کارروائی پولیس اور ایلیٹ فورس کے تعاون سے کی گئی۔حکام کے مطابق دہشت گرد پہاڑی غاروں میں پناہ لیے ہوئے تھے اور فورسز کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد شدید مقابلہ ہوا۔ ہلاک دہشت گرد غیر ملکی باشندوں پر حملوں سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔فائرنگ کے تبادلے میں تین پولیس اہلکار بھی شہید ہو گئے، جن میں حوالدار مقبول احمد، پولیس اہلکار فدا حسین اور سعید الرحمان شامل ہیں۔حکام نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے خطرات کو روکنے میں مدد ملے۔