سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات،جوڈیشل کمیشن نے ریسکیو اداروں کو بھی طلب کر لیا

February 17, 2026 · قومی

سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے ریسکیو اداروں کو بھی طلب کر لیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے ایدھی فاؤنڈیشن، چھیپا ویلفیئر اور دیگر متعلقہ ریسکیو اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 18 فروری کو کمیشن کے سامنے پیش ہوں اور واقعے سے متعلق تفصیلی معلومات اور ریکارڈ فراہم کریں۔

جوڈیشل کمیشن کے مطابق ریسکیو حکام کے بیانات بھی قلمبند کیے جائیں گے تاکہ سانحہ گل پلازہ کی مکمل تحقیقات ممکن بنائی جا سکیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

گزشتہ روز کمیشن کی پہلی سماعت جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے دفتر میں ہوئی، جس میں کمیشن کے ممبران اور متاثریں موجود تھے۔ اس موقع پر 23 متاثرین نے اپنے بیانات قلمبند کروائے، جن میں امدادی اداروں کی کارکردگی پر تنقید بھی کی گئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کے پاس پانی ختم ہو چکا تھا، آگ بجھانے کے لیے جدید آلات موجود نہیں تھے اور بلڈنگ کے اندر کوئی داخل نہیں ہوا، جس سے سانحے میں غفلت واضح ہوئی۔