سڑکوں پر افطار کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے رمضان 2026 کے آغاز سے قبل فیصلہ کیا ہے کہ سڑکوں اور عوامی مقامات پر افطار دسترخوان لگانے کے لیے پیشگی اجازت اور رجسٹریشن لازمی ہوگی۔ یہ اقدام ٹریفک کی روانی، سکیورٹی اور صفائی کے مسائل کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں میں بغیر اجازت افطار دسترخوان لگانے سے ٹریفک جام اور ہنگامی گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ نئے فیصلے کے تحت، تنظیمیں یا شہری گروپس جو عوامی افطار کا اہتمام کرنا چاہتے ہیں، انہیں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر آفس یا ضلعی انتظامیہ سے این او سی حاصل کرنا ہوگا۔ درخواست میں مقام، وقت، شرکا کی تعداد اور سیکیورٹی و صفائی کے انتظامات کی تفصیلات شامل ہونی چاہئیں۔
ضلعی حکام نے واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت افطار لگانے کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی، جس میں جرمانہ اور سامان کی ضبطی شامل ہے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ فلاحی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی، بشرطیکہ وہ ضابطہ کار کے مطابق ہوں۔ شہری حلقوں نے اس فیصلے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے، کچھ اسے ضروری قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل آسان اور تیز ہونا چاہیے۔