کراچی:گل پلازہ کی چھت پر گیس پلانٹ چلانے کا انکشاف
کراچی میں سانحہ گل پلازہ کے جاں بحق نوجوان عبدالصمد کے والد عبد الرحمان نے انکشاف کیا ہے کہ گل پلازہ میں گیس پلانٹ چھت پر نصب تھا اور اسی سے عمارت میں گیس فراہم کی جاتی تھی۔ عبد الرحمان نے کہا کہ دنیا اس پلانٹ سے واقف ہے، اور بیسمنٹ میں موجود پلانٹ کو چھت پر منتقل کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس سانحے میں اپنے بیٹے کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ لاش انہیں باکس میں دی گئی، جسے انہوں نے اللہ کے نام پر دفنا دیا۔
دوسری جانب سانحہ میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ نے جوڈیشل کمیشن کے روبرو اپنے بیانات ریکارڈ کرائے۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے دفتر پہنچے، جہاں متاثرہ خاندانوں نے اپنا مؤقف پیش کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جنوبی اور متاثرہ اہل خانہ بھی موجود تھے۔
جسٹس آغا فیصل نے کہا کہ کمیشن کا مقصد مستقبل میں ایسے سانحات اور جانی نقصان کی روک تھام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مالی نقصان کا ازالہ ممکن ہے، مگر جانی نقصان کا ازالہ نہیں ہو سکتا۔ کمیشن نے لواحقین کے لیے سوالنامہ تیار کیا ہے اور تمام متاثرہ خاندانوں سے گزارش کی کہ وہ اپنے بیانات ریکارڈ کرائیں۔
کمیشن نے عوام، حکومت اور ریسکیو ورکرز سے معلومات طلب کی ہیں تاکہ تمام دستیاب شواہد کی بنیاد پر جامع رپورٹ تیار کی جا سکے۔