ڈیرہ اسماعیل خان:دہشت گردوں کاتھانہ یارک اورکسٹم آفس پرحملہ،2اہلکار شہید

February 18, 2026 · اہم خبریں, قومی

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تھانہ یارک اور کسٹم آفس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل اور ایک کسٹم اہلکار شہید جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے کسٹم اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ تھانہ یارک کے قریب موجود تھے، جس کے باعث علاقے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے میں پولیس کانسٹیبل بلال اور کسٹم کا ایک اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ حملے کے دوران دہشت گردوں نے کسٹم حکام کی دو گاڑیوں کو بھی نذرِ آتش کر دیا جو مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔