اسلام آباد میں موٹرسائیکلوں پربھی ایم ٹیگ لگانے کا آغاز،ڈیڈلائن کیا ہے
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اب گاڑیوں کے بعد تمام موٹر سائیکلوں کے لیے بھی ایم ٹیگ (M-Tag) کی شرط لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اس نئے اصول کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد اب دوسرے مرحلے کا آغاز 20 فروری کی صبح 10 بجے سے کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کے تحت شہر بھر میں 13 نامزد پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں موٹر سائیکل مالکان اپنی رجسٹریشن دستاویزات اور اصل قومی شناختی کارڈ دکھا کر ایم ٹیگ حاصل کر سکیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق شہر میں چلنے والی ہر قسم کی موٹر سائیکلوں پر ہوگا، جس میں عام بائیکس کے علاوہ بائیکیا، ہیوی بائیکس اور دیگر تمام کیٹیگریز شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اب تک 6 لاکھ سے زائد گاڑیوں کو ایم ٹیگز جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ آن لائن ٹیکسی سروسز اور بائیکیا کے لیے رجسٹریشن کا عمل علیحدہ سے ترتیب دیا جا رہا ہے۔ عرفان نواز میمن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے اس مہم میں بھرپور تعاون کریں اور بروقت ایم ٹیگ کی تنصیب کو یقینی بنائیں۔