رمضان المبارک میں عدالتوں کے نئے دفتری اوقات کار جاری
February 18, 2026 · قومی
رمضان المبارک کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کے نئے دفتری اوقات کار جاری کر دیے گئے ہیں۔
چیف جسٹس کی منظوری کے بعد رجسٹرار آفس نے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم رمضان سے پیر تا جمعرات ساڑھے نو بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک کیسز کی سماعت ہوگی، جبکہ ساڑھے گیارہ سے بارہ بجے تک عدالتی وقفہ ہوگا۔ بارہ سے ڈیڑھ بجے تک دوبارہ کیسز کی سماعت ہوگی۔
جمعہ کے روز کیسز کی سماعت ساڑھے نو بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک ہوگی، جبکہ دفتری اوقات کار پیر سے جمعرات نو سے ڈھائی بجے تک رہیں گے۔
ماتحت عدالتوں میں بھی ساڑھے نو بجے سے ڈھائی بجے تک کیسز کی سماعت ہوگی جبکہ جمعہ کے روز یہ وقت نو سے بارہ بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔