عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کیخلاف اپیلیں واپس
سپریم کورٹ میں پنجاب حکومت نے بانی تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف اپیلیں واپس لے لیں۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ہدایات ملی ہیں کہ ضمانت کے خلاف اپیلیں واپس لے لی جائیں، جس پر عدالت نے اپیلیں خارج کر دیں۔
اسی دوران سپریم کورٹ میں سائفر اپیل کیس بھی بغیر کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا۔ پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق تفصیلی فیصلہ جمع نہیں کرایا گیا، اس کے لیے مہلت دی جائے۔
اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر روسٹرم پر آئے، جس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے جواب دیا کہ وہ کورٹ میں تھے اور اس کیس کا نوٹس نہیں ہوا۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو نوٹس دے سکتے ہیں، تاہم ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ اپیل قابل سماعت ہے یا نہیں۔ بعد ازاں عدالت نے تفصیلی فیصلہ جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔