بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائیاں،14 دہشت گرد ہلاک

February 18, 2026 · اہم خبریں, قومی

بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گرد ہلاک اور 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے درخشاں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر مبنی ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک اور 3 اہلکار زخمی ہوئے۔ ترجمان کے مطابق دہشت گرد علاقے میں تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کرنے پر جوابی کارروائی میں مارے گئے۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر تخریبی مواد برآمد کیا گیا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت مستحکم ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے ضلع بارکھان میں بھی سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد ہلاک کیے۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز محفوظ رہیں اور دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ یہ دہشت گرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے عوام سے پرامن ماحول برقرار رکھنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔