پنجاب حکومت نے وی آئی پی موومنٹ کے لیے مہنگا طیارہ خریدا؟ حقیقت کیا ہے؟

February 18, 2026 · امت خاص

 

پنجاب حکومت کی جانب سے وی آئی پی موومنٹ کے لیے ایک پرتعیش گلف اسٹریم طیارہ خریدنے کی خبروں نےنئی بحث چھیڑ دی ہے،تاہم سرکاری حکام اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔البتہ ایڈیشنل سیکرٹری (ویلفیئر) وسیم حامد نے خریداری کی تردید کی۔

 

 

دفاعی امور پر نظر رکھنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ دی اسٹریٹ کام بیوروکے مطابق، پنجاب حکومت نے 2019 میںتیار کردہ Gulfstream GVII-G500 طیارہ خریدا ہے۔دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس لگژری طیارے کی قیمت تقریباً 38 سے 42 ملین ڈالر ( 1000 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔ اس وقت اس کی امریکی رجسٹریشن (N144S) ہے جسے جلد پاکستانی رجسٹریشن میں بدل دیا جائے گا۔

 

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق، یہ طیارہ 12 فروری سے پنجاب کے مختلف ہوائی اڈوں کے درمیان پروازیں کر رہا ہے۔جب اس بارے میں اعلیٰ حکام سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

 

مبینہ خریداری پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام سے قربانی مانگی جا رہی ہے اور پنجاب کے وی آئی پیزلگژری نجی طیاروں میں اڑنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔سابق گورنر سندھ محمد زبیرنے سوال اٹھایا کہ کیا وہ ملک جہاں 45 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، 1000 کروڑ روپے کا ایسا پرتعیش طیارہ خریدنے کا متحمل ہو سکتا ہے؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر یہ سچ نہیں تو وہ باقاعدہ تردید جاری کرے۔

 

ذرائع کا کہناہے کہ حکومتِ پنجاب پر ایک انتہائی مہنگے طیارے کی خریداری کا الزام ہے جس پر حکام کی خاموشی شکوک و شبہات کو جنم دے رہی ہے۔

 

واضح رہے کہ گلف اسٹریم G500 مشرقِ وسطیٰ سے یورپ، ایشیا اور افریقہ تک آسانی سے رکے بغیر پرواز کر سکتا ہے۔ یہ رفتار، کنٹرول اور آرام دہ سفر کا ایک بہترین امتزاج پیش کرتا ہے، جس کی بدولت مسافر سفری وقت کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔G500 کے ڈیزائن اور کارکردگی کا ہر پہلو تیز ترین پرواز کے لیے ہے۔ اس کا اندرونی حصہ (Cabin) مسافروں کی پسند اور مکمل آرام کو مدنظر رکھ کر اور خاموش ترین کیبن کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انڈسٹری میں سب سے کم کیبن ایلٹی ٹیوڈاور 100 فیصد تازہ ہوا کی بدولت مسافر سفر کے بعد بھی خود کو ہشاش بشاش محسوس کرتے ہیں۔ طاقتور انجنوں اور جدید ایرو ڈائنامک پروں کی بدولت یہ چھوٹے رن ویز اور زیادہ اونچائی پر واقع ہوائی اڈوں سے بھی آسانی سے اڑان بھرنے اور اترنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کا ڈیزائن نہ صرف ایندھن کی بچت کرتا ہے بلکہ ماحول دشمن گیسوں کے اخراج میں بھی کمی لاتا ہے۔