پی ٹی آئی اور ہم خیال جماعتوں کا پارلیمنٹ میں جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان

February 18, 2026 · اہم خبریں, قومی

پاکستان تحریک انصاف اور اس کی ہم خیال جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمان نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت سے متعلق امور پر پارلیمنٹ میں جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تحریک تحفظِ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر دھرنا ختم کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے بھی میڈیا نمائندوں سے گفتگو کی۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں دھرنے کے مقام سے سپریم کورٹ پہنچے تاکہ عمران خان سے متعلق کیسز کی سماعت میں شرکت کر سکیں۔

راجہ ناصر عباس نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے انہیں شدید تشویش ہے اور اسی بنیاد پر پی ٹی آئی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ان کے بقول دھرنے کا مقصد اپنا مؤقف پیش کرنا تھا جس میں وہ کامیاب رہے۔

رہنماؤں نے عندیہ دیا کہ پاکستان تحریک انصاف اور اس کی ہم خیال جماعتیں جلد آئندہ کے لائحۂ عمل کا اعلان کریں گی۔