رمضان کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا
پشاور: مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے اور ملک بھر میں کل 19 فروری کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
مرکزی اجلاس چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔
کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے، جہاں سے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں اکٹھی کر کے مرکزی کمیٹی کو ارسال کی گئیں۔
مرکزی کمیٹی کو ابتدائی طور پر پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ اور اسلام آباد سے چاند دیکھنے کی 21 شہادتیں موصول ہوئیں، جبکہ زونل کمیٹی کو مزید 6 شہادتیں بھی موصول ہوئیں۔ تمام شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد چیئرمین کمیٹی نے باضابطہ طور پر چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں یکم رمضان المبارک 19 فروری کو ہوگا۔
ماہرین فلکیات کی جانب سے بھی آج چاند نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ دوسری جانب لاہور میں غروبِ آفتاب کے وقت بادلوں کے باعث چاند نظر نہیں آیا۔ لاہور میں چاند دیکھنے کا متوقع وقت شام 6 بج کر 52 منٹ تھا۔
لاہور میں چاند دیکھنے کے لیے ایوانِ اوقاف بلڈنگ میں ڈی جی اوقاف شاہد حسین کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں علمائے کرام اور محکمہ موسمیات کے افسران نے شرکت کی۔