احتجاج کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانتیں منظور

February 19, 2026 · قومی

انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کے ساتھ جھگڑے اور احتجاج کے کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانتیں منظور کر دی ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ملزمان کو 10، 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی۔

ایمان مزاری اور ہادی علی کے وکیل ریاست علی آزاد نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ مقدمہ بے بنیاد ہے اور اچانک سامنے آیا۔ وکیل نے مزید کہا کہ یہ ایف آئی آر من گھڑت اور بے بنیاد واقعے پر درج کی گئی ہے اور اس کا کوئی حقیقی وجود نہیں ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی ضمانتیں منظور کیں۔ ایمان مزاری اور ہادی علی کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج ہے۔