پاکستان کا دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال پر سخت احتجاج
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے افغان ناظم الامور کو طلب کر کے حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ افغان نائب سفیر کو باضابطہ احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا جس میں باجوڑ حملے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال پر گہری تشویش ظاہر کی گئی۔
واضح رہے کہ 16 فروری کو باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ ہوا، جس میں وطنِ عزیز کے 11 بہادر جوان شہید ہوئے۔ تر جمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان سرزمین اب بھی پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور ٹی ٹی پی کی قیادت افغانستان میں سرگرم ہے۔
افغان سفارت کار کو بتایا گیا کہ اس طرح کے واقعات دوطرفہ تعلقات اور خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہیں اور افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تاکہ مستقبل میں ایسے حملے روکے جا سکیں۔