ضلع لکی مروت میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائی ، 4 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائی کی اور اس دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 18 اور 19 فروری کی درمیانی شب ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا اور کارروائی کے دوران فورسز نے ہدف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 4 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔خوارج علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔