بھائی، بھابی اور بھتیجے کا جنازہ پڑھاتے ہوئے امام بے ہوش
ترکی میں ایک مقامی پیش امام اس وقت بے ہوش ہوگئے جب وہ اپنے بھائی، بھابھی اور کم سن بھتیجے کی نماز جنازہ پڑھا رہے تھے۔
ترکی کے صوبے نیوشہر کے ضلع آجی گول کے گاؤں کاراجااورین میں چولہے سے کاربن مونو آکسائیڈ گیس کے اخراج کے باعث 27 سالہ سیفر دوغان تکین، ان کی اہلیہ عظیمہ دوغان تکین اور ان کا آٹھ ماہ کا بیٹا مصطفیٰ افے جاں بحق ہوگئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد تینوں کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا۔
واقعہ گزشتہ صبح اس وقت پیش آیا جب اہل خانہ عظیمہ اور سیفر دوغان تکین سے رابطہ نہ ہونے پر ان کے گھر پہنچے۔ دروازہ نہ کھلنے پر صورتحال کی اطلاع 112 ایمرجنسی کال سینٹر کو دی گئی، جس کے بعد جندرما اور طبی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
گھر میں داخل ہونے پر امدادی اہلکاروں نے میاں بیوی اور ان کے کمسن بیٹے کو فرش پر بے حس و حرکت پایا۔ طبی حکام نے تصدیق کی کہ تینوں کی موت چولہے سے خارج ہونے والی کاربن مونو آکسائیڈ گیس کے باعث ہوئی۔ لاشوں کو موت کی حتمی وجہ معلوم کرنے کے لیے مردہ خانے منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
Breaking News!
While leading the funeral prayer for his brother, sister-in-law, and nephew, a man fainted.
📌 In Nevşehir, 27-year-old Sefer and Azime Doğantekin, along with their 8-month-old baby Mustafa Efe, died from gas poisoning from a stove. They were sent off on their… pic.twitter.com/AckTPSwX28— GPX (@GPX_Press) February 20, 2026
نماز جنازہ کے دوران ایک اور دلخراش منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب سیفر دوغان تکین کے بھائی اور مقامی امام فاتح دوغان تکین اپنے بھائی، بھابھی اور بھتیجے کی نماز جنازہ پڑھاتے ہوئے غم سے نڈھال ہو کر بے ہوش ہوگئے۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاتح دوغان نے جیسے ہی سلام پھیرا وہ گر گئے۔
آٹھ ماہ کے مصطفیٰ افے کا جنازہ ان کے دادا اوغوز ساغلک نے اپنی بانہوں میں اٹھا کر قبرستان تک پہنچایا۔ گاؤں میں ہر آنکھ اشکبار تھی جب عظیمہ، سیفر اور ان کے معصوم بیٹے کو دعاؤں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔