رمضان میں 92 ورلڈکپ تاریخ دہرائی جاسکتی ہے؟

February 20, 2026 · امت خاص
فائل فوٹو

نمائندہ امت:

پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ اس بار قومی ٹیم 92 ورلڈکپ کی تاریخ دہراسکتی ہے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپرایٹ میں گرین شرٹس کی رسائی کے بعد ٹوئٹرایکس فیس بک سمیت دیگرسماجی سائٹس میں گردش کرنے والے ٹرینڈز میں رمضان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نیک شگون کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

قومی آل رائونڈر شاداب خان کی جانب سے رمضان کو پاکستان کرکٹ کا بارہواں کھلاڑی قراردینے کے بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑگئی ہے۔ جبکہ آسٹریلوی ٹیم کا بھی جلد باہر ہونا پاکستانی ٹیم کیلئے انتہائی مفید قرار دیا جارہا ہے۔اعداد و شمار کی روشنی میں دیکھا جائے تو 1992 کے ورلڈ کپ، 2009 کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی میں جب بھی آسٹریلوی ٹیم پہلے راؤنڈ میں ناکام ہو کرباہرہوئی، ایسا جب بھی ہوا پاکستان نے ہربار فائنل جیت کرٹرافی اپنے نام کی۔ اب 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا کے گروپ اسٹیج سے باہر ہونے اور مقدس مہینے کے آغازپرشائقینِ کرکٹ نے ٹیم سے امیدیں باندھ لی ہیں۔

اسی طرح ٹی ٹوئنٹٹی ورلڈکپ سپر ایٹ مرحلے کا آغاز رمضان المبارک میں ہونا اسے سوشل میڈیا صارفین 1992 ورلڈکپ کے ایکشن ری پلے کے طورپردیکھ رہے ہیں۔سابق کپتان عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی بارعالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، تو اس دن اسلامی کیلنڈر کے مطابق 19 رمضان المبارک 1412 ہجری تھی۔اسی طرح پاکستان نے 2009 ورلڈکپ ذوالحجہ کے مہنیے جیتا تھا۔جبکہ 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل، جس میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، وہ 23 رمضان المبارک (18 جون) کو کھیلا گیا تھا۔ اگرچہ اس وقت رمضان کا آخری عشرہ تھا اور کھلاڑیوں کے روزے کے حوالے سے کافی چرچے رہے،”

دوسری جانب گزشتہ روز قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے ہوٹل کے لاؤنج میں ایک ساتھ پہلے روزے کی سحری کی، جس کے بعد باجماعت نمازِ فجر کا اہتمام کیا گیا جس میں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سپورٹنگ اسٹاف نے بھی شرکت کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نماز کے بعد کھلاڑیوں کو آرام کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف کل کے اہم میچ کی تیاری کے لیے پریکٹس سیشن کے اوقات بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ اب کھلاڑی سری لنکا کی حبس زدہ گرمی سے بچنے کے لیے دن کے بجائے رات کو فلڈ لائٹس میں تربیت کریں گے، کیونکہ روزے کی حالت میں شدید گرمی میں ٹریننگ کرنا کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہے۔

واضح رہے کہ آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے دوران ٹیم مثبت ذہنی کیفیت میں ہے اور رمضان المبارک کے آغاز سے ہمت حاصل کر رہی ہے۔ نمیبیا کے خلاف میچ میں فتح کے بعد، شاداب نے مقدس مہینے کو پاکستان کا “بارہواں کھلاڑی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے اسکواڈ کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ رمضان کے آغاز نے اسکواڈ کے جذبے کو جلا بخشی ہے۔ ہمیں بس وہی اچھے کام جاری رکھنے ہیں جو ہم کر رہے ہیں۔ پاکستان کے پاس بالنگ کا بہترین مجموعہ ہے۔