جوعمران کے لیے نہیں لڑناچاہتے وہ سائیڈ پرہوجائیں، شاندانہ کو سوچ سمجھ کر محمود اچکزئی، علامہ ناصر عباس کا نام لینا چاہیے۔علیمہ خان

February 21, 2026 · اہم خبریں

 

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بعض پی ٹی آئی رہنماؤں سے کہا ہے کہ اگر وہ لڑنا نہیں چاہتے تو سائیڈ پر ہو جائیں۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں علیمہ نے کہا:کہ میرے بھائی کی آنکھ سیاست نہیں، ان کے خاندان کی ترجیح ان کی صحت ہے۔ علاج ملنا ہر قیدی کا حق ہے۔

ایک اور سوال کہ بعض پی ٹی آئی رہنما آپ کے کچھ بیانات سے نالاں ہیں اور وہ سمجھتے ہیں آپ سیاسی معاملات میں مداخلت کر رہی ہیں تو علیمہ خان نے کہا مسئلہ یہ ہے کہ عمران خان جیل میں ہیں اور ہم ان کے پیغام رساں ہیں۔ علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ دینے کا پیغام عمران خان نے ہمارے ہاتھ نہیں بھیجا تھا بلکہ جیل میں میڈیا سے کہا تھا۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ یہ لوگ جو کچھ عمران خان کو نہیں کہہ سکتے وہ ان کی فیملی کو کہہ دیتے ہیں۔ چونکہ وہ ان ہی کے بدولت بیٹھے ہوئے ہیں تو انہیں کچھ کہہ نہیں سکتے، جب یہ ہمیں کہتے ہیں تو اصل میں انہیں غصہ عمران خان پر ہے۔ بولنے والوں کو اگر ان کی صحت کی فکر ہوتی تو ان کی شکلوں پر نظر آ جاتی۔ اگر یہ محسن نقوی کی زبان بولیں گے تو ہمیں فرق نہیں پڑتا۔
جہاں تک شاندانہ گلزار کا تعلق ہے تو ہم علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کی بہت عزت کرتے ہیں، ہمارا بھائی ان کی بہت عزت کرتا ہے۔ شاندانہ کو ان کا نام سوچ کر لینا چاہیے۔ ہم لڑیں گے، ان کے علاج اور طبی معائنے کے لیے لڑیں گے۔ اگر یہ نہیں کرنا چاہتے تو سائیڈ پر ہو جائیں۔
ان سے دریافت کیا گیا کہ جب بیرسٹر گوہر کو جیل حکام نے بلایا کہ آپ ڈاکٹر کے ساتھ جائیں تو آپ نے انہیں جانے سے روکا، کیا یہ درست ہے؟ جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ یہ محسن نقوی نے کہا ہوگا۔ یہ سارے جھوٹے ہیں، ہمیں یہ بھی نہیں پتہ تھا کہ کوئی جیل میں جا رہا ہے، ہمیں یہی تو جھٹکا ملا ہے۔

عمران خان کو ڈیل کی آفرسے متعلق سوال پر علیمہ خان نے جواب دیا کہ ہم سے آج تک کسی نے بات نہیں کی، صرف ایک کا مجھے معلوم ہے جب چار اگست کو کہا تھا کہ آپ کو سیف ایگزٹ دیتے ہیں آپ ملک چھوڑ کر چلے جائیں۔ جس پر عمران خان نے کہا مجھ پر بنائے گئے سارے کیسز جھوٹے ہیں اور میں ان کا سامنا کروں گا۔