رانا ثناء اللہ کی ڈیل سے متعلق خبروں کی تردید، عمران خان کی سزاؤں کا فیصلہ عدالتوں میں ہوگا
اسلام آباد:وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ایک بار پھر پاکستان تحریکِ انصاف کو کسی بھی قسم کے معاہدے کی پیشکش سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریکِ انصاف کو نہ کوئی معاہدے کی پیشکش کی گئی ہے اور نہ ہی ایسا کوئی معاملہ زیرِ غور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانیٔ تحریکِ انصاف عمران خان کی سزاؤں کا فیصلہ عدالتوں میں ہوگا، جیسے ماضی میں نواز شریف اور آصف علی زرداری کے معاملات میں عدالتی کارروائی کے ذریعے فیصلے ہوئے۔
رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز تحریکِ انصاف کی جانب سے ڈیل مسترد کرنے سے متعلق بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گفتگو 24 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں تھی۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی بانیٔ تحریکِ انصاف سے کسی معاہدے کی خبروں کی سختی سے تردید کر چکے ہیں۔
دوسری جانب تحریکِ انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ اگر کوئی معاہدہ ہوا ہوتا تو ڈی چوک میں کارکنوں کے خلاف کارروائی نہ کی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا معاہدے سے متعلق بیانات دے کر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہلِ خانہ سے ملاقات کے حوالے سے بھی کوئی پیشکش نہیں کی جا رہی، جبکہ بانیٔ تحریکِ انصاف نے پارٹی کو مذاکرات سے روک رکھا ہے۔ ان کے مطابق مذاکرات کے بارے میں حتمی فیصلہ محمود خان اچکزئی کریں گے۔