پاکستان میں نصب انٹرنیٹ فائر وال منصوبہ ناکام ہوگیا، نجی ٹی وی

February 21, 2026 · اہم خبریں, قومی

پاکستان میں سوشل میڈیا کی نگرانی کے لیے نصب فائر وال منصوبہ ناکام ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے فائیو جی اسپیکٹرم کی متوقع نیلامی سے قبل اسے مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ اس منصوبے سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں سوشل میڈیا کی نگرانی اور کنٹرول کے مقصد سے نصب کیا گیا فائر وال منصوبہ مکمل تکنیکی تیاری کے بغیر شروع کیا گیا، جس کے باعث یہ ملک کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر سے ہم آہنگ نہ ہو سکا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبہ مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہا اور اس کے باعث انٹرنیٹ کی رفتار بھی شدید متاثر ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق فائر وال کی وجہ سے انٹرنیٹ سست روی کا شکار رہا، جس سے لاکھوں فری لانسرز اور ہزاروں کمپنیوں کی ڈیجیٹل سروسز متاثر ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اور فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی سے قبل نظام کو مستحکم بنانے کے لیے فائر وال کو مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب فائر وال کی بندش سے متعلق وزارت آئی ٹی نے باضابطہ موقف دینے سے گریز کیا ہے۔