اسلام آباد میں رمضان آتے ہی پھلوں کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ
رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سبزی منڈیوں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس وقت اسٹرابیری 800 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، امرود 300 روپے فی کلو جبکہ کیلا 150 روپے فی درجن دستیاب ہے۔ اسی طرح انار 600 روپے فی کلو اور مالٹا 300 روپے فی درجن تک پہنچ چکا ہے۔
سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹماٹر 60 روپے فی کلو، پیاز 50 روپے، آلو 150 روپے فی کلو جبکہ مٹر 60 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ سرحدی بندش کے باعث اشیائے خورونوش کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ان کے مطابق رمضان سے قبل قیمتیں نسبتاً کم تھیں، تاہم طلب میں اضافے اور رسد میں کمی کے باعث مارکیٹ میں نرخ بڑھ گئے ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں افطار کا دسترخوان سجانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناجائز منافع خوری روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔