موٹروے پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کی ادویات سے بھرا چھیناگیا ٹرک پکڑلیا
موٹروے پر کروڑوں روپے کی ادویات سے بھرا چھیناگیامزدا پکڑاگیا۔موٹروے پولیس ساؤتھ زون کے سیکٹر سکرنڈ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کی ادویات سے بھرا چھینا گیا مزدا کنٹینر برآمد کر لیا گیا۔
مزدا کنٹینر کراچی کی معروف میڈیکل کمپنی کی ادویات کراچی سے سکھر منتقل کر رہا تھا کہ نواب شاہ لنک روڈ کے قریب نامعلوم ملزمان نے گاڑی چھین لی۔ ڈرائیور نے فوری طور پر موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے گاڑی کی لوکیشن حاصل کی۔ موٹروے پولیس کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور فوری تعاقب کے باعث ملزمان قاضی احمد کے قریب گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
ترجما ن نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق ،برآمد شدہ مزدا کنٹینر قانونی کارروائی کے بعد مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ڈی آئی جی ساؤتھ زون سید فرید علی نے افسران کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کو سراہا ہے۔