ڈیرہ اسماعیل خان میں خاتون خودکش بمبار گرفتار
انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑی دہشتگردی کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی اور شیخ یوسف خیمہ بستی سے ایک مبینہ خاتون خودکش بمبار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے نتیجے میں گرفتار ملزمہ، جسے صرف مس زیڈ کے نام سے ظاہر کیا گیا ہے، کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کا تعلق وزیرستان سے ہے۔
سی ٹی ڈی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ ہلاک خارجی کمانڈر شاہ ولی عرف طارق کوچی کی قریبی ساتھی رہی ہے اور اسی کے زیرِ نگرانی تربیت حاصل کرتی رہی۔ دورانِ تفتیش ملزمہ نے انکشاف کیا کہ خودکش حملے کے لیے درکار سامان اور ہدف خارجی کمانڈر عاصم کی جانب سے فراہم کیا جانا تھا۔
حکام کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے تیس بور پستول بمعہ کارتوس، موبائل فونز، ایک ٹیبلٹ اور حملے میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ موبائل فونز سے حاصل کردہ ڈیٹا میں کالعدم تحریک سے رابطوں کے شواہد ملے ہیں جبکہ خودکش حملہ کرنے پر رضامندی کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں اور ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔