نارتھ ناظم آباد میں سلنڈر دھماکہ، ایک جاں بحق، چار زخمی
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں واقع بسم اللہ ریزیڈنسی میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ صبح تقریباً چھ بجے عمارت کی دسویں منزل پر موجود ایک فلیٹ میں ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے باعث دو فلیٹس متاثر ہوئے جبکہ عمارت کی لفٹ کو بھی نقصان پہنچا۔
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران کے مطابق فلیٹ کے اندر موجود دو گیس سلنڈرز پھٹنے سے دھماکہ ہوا۔ مزید تحقیقات کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے تاکہ شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی نوعیت کا مکمل تجزیہ کیا جاسکے۔
چیف فائر آفیسر کے ایم سی ہمایوں خان کا کہنا ہے کہ فجر کے وقت آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری طور پر فائر ٹینڈرز اور اسنارکل موقع پر پہنچ گئے۔ متعدد افراد کو عمارت سے بحفاظت نکالا گیا جبکہ تقریباً ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلی کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا، جس کے نتیجے میں فلیٹ نمبر 1004 اور 1005 کو شدید نقصان پہنچا۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ واقعے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام عمارت کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق عمارت نئی تعمیر شدہ ہے اور حتمی رپورٹ کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔