حارث کھوکھر کا ڈاکٹر نبیہا علی خان کے الزامات پر ردعمل
اسلام آباد: سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہا علی خان کے الزامات کے بعد ان کے شوہر حارث کھوکھر نے اپنا موقف پیش کیا ہے۔ حارث کھوکھر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نبیہا شک اور وہم کا شکار ہیں اور ان کے درمیان کوئی سنجیدہ اختلافات نہیں تھے۔
حارث کے مطابق، پیشہ ورانہ ملاقاتوں، دوستوں کی محفلوں یا سماجی سرگرمیوں میں بیوی کو ہر جگہ ساتھ لے جانا ممکن نہیں، اور مسئلہ بداعتمادی اور منفی سوچ کا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی کوئی غیر قانونی یا غلط کام نہیں کیا اور نہ ہی کسی قسم کا جھگڑا یا تشدد ہوا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نبیہا علی خان نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں شادی شدہ زندگی میں مشکلات کے بارے میں بات کی تھی اور کہا تھا کہ رشتہ ممکنہ طور پر طلاق کی طرف جا سکتا ہے۔ انہوں نے شوہر کے گھر والوں کے رویے پر بھی سوال اٹھایا اور بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر اور شادی شدہ زندگی کو وقت دینے کے لیے پیشہ ورانہ سرگرمیاں محدود کر دی تھیں، تاہم حالات بہتر نہ ہو سکے۔