پنجاب میں پہلی مرتبہ مفت میت منتقلی سروس کا آغاز
February 23, 2026 · قومی
لاہور: پنجاب میں پہلی مرتبہ ہسپتال سے گھر میت پہنچانے کے لیے مفت میت منتقلی سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے منصوبے کی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے میت کو ہسپتال سے گھر پہنچانے کے لیے ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دی اور پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کو ریگولائز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے ریٹ مقرر کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اب پنجاب کی ہر تحصیل میں کم از کم ایک وین میسر ہوگی، اور مرحوم کے اہل خانہ 1122 پر کال کر کے یا ہسپتال کے کاؤنٹر سے مفت وین سروس حاصل کر سکیں گے۔ میت منتقلی سروس کو سمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا اور ہسپتال سے دوسرے شہر تک میت پہنچانے کی سہولت بھی مفت فراہم کی جائے گی۔