موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ لگوانے پر کتنا خرچہ آئے گا
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں موٹر سائیکلوں کی سیکیورٹی اور ڈیجیٹل نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے ایم ٹیگنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ شہری اپنی موٹر سائیکل کے کاغذات اور اصل شناختی کارڈ کے ساتھ رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، جہاں چند منٹ میں ایم ٹیگ جاری کر کے موٹر سائیکل پر چسپاں کیا جائے گا۔
موٹر سائیکل پر لگائے جانے والے ایم ٹیگ کی قیمت 250 روپے مقرر کی گئی ہے۔ شہری درج ذیل مقامات پر سہولت حاصل کر سکتے ہیں: جناح پارک ایف نائن، گلبرگ گرین، ملپور، فیض آباد، گندم گودام نزد تھانہ سبزی منڈی، دامنِ کوہ، ٹیولپ ہوٹل، روات ٹی کراس، نائنتھ ایونیو اور مارگلہ ایونیو۔
حکام کے مطابق یہ اقدام 20 فروری سے شروع ہوا اور اس سے شہر میں چلنے والی تمام موٹر سائیکلوں کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ دستیاب ہوگا، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری شناخت اور ٹریکنگ میں مدد ملے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ چسپاں کرائیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کریں۔