سی سی ڈی نے ماورائے عدالت ہلاکتوں کا الزام مسترد کردیا
پنجاب کی پولیس کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے ماورائے عدالت ہلاکتوں کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تیز رفتار اور ٹارگٹڈ آپریشنز کے نتیجے میں پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
سی سی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں منظم جرائم پیشہ افراد، ڈرگ مافیا اور کرائے کے قاتلوں کے گروہوں کے خلاف کی جا رہی ہیں، جو ماضی میں بڑی حد تک قانون کی گرفت سے باہر تھے۔
ان افسران کے مطابق کمزور نظام انصاف، گواہوں کا خوف کے باعث مقدمات کی پیروی سے دستبردار ہو جانا اور بعض معاملات میں قوانین کے غلط استعمال نے جرائم پیشہ عناصر کی بے خوفی میں اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں کرائے کے قاتل گروہوں اور منظم مافیا گروپوں کی سرگرمیاں مسلسل بڑھتی رہی تھیں۔
سی سی ڈی کے اعلیٰ افسران کے مطابق پچھلے نو ماہ کے دوران قتل کے مقدمات میں 24 فیصد، اقدام قتل کے واقعات میں 18 فیصد، ڈکیتی کی وارداتوں میں 60 فیصد اور نقب زنی کی وارداتوں میں 27 فیصد کمی ہوئی ہے۔