معیز قتل کیس الجھ گیا،قاتلوں تک پہنچنے کے لیے فرانزک رپورٹ کا انتظار

February 24, 2026 · امت خاص, جرم وسزا

 

مری تھانہ پھگواڑی کی حدود میں بے دردی سے قتل 13سالہ عبدالمعیز کیس الجھنے کے باعث قاتل تاحال گرفتار نہ ہو سکے۔ قاتلوں کی عدم گرفتاری پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئی۔ معیز قتل کیس میں قانون نافذ کر نے والے اداروں کی پرا سرار خاموشی پر اہلیان دیول میں شدید اضطراب پایا جارہاہے۔ ذرائع کے مطابق معیز قتل کیس میں پولیس نے اب تک مقتول کی بہن ،چچا اور چچا زاد بھائیوں سمیت 25 افراد کو شامل تفتیش کیا ہے۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق معیز قتل کیس میں تاخیر کی وجہ فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں معیز کے ساتھ زیادتی کے شواہد نہیں ملے،بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات ملے تاہم کسی گہرے زخم کا نشان موجود نہیں تھا، اس کے باوجود جسم پر خون کے واضح نشانات کچھ اور کہانی سنا رہے ہیں۔ اہل خانہ کے پہلے کے بیانات اور بعد میں دیئے گئے بیانات میں بھی واضح تضاد ہے، معیز کو غسل دینے والوں کے بیانات ابتدائی میڈیکل رپورٹ کی نفی کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ معیز کے جسم پر کسی قسم کے تشدد کا کوئی نشان نہیں دیکھا ۔ان سب باتوں کا جواب فرانزک رپورٹ میں سامنے آجائے گا۔

 

پولیس ذرائع نے انکشاف کیا کہ معیز کی فیملی کے تین افراد کو فرانزک کے لیے لاہور لے جانا تھا تاہم بچے کی والدہ کے انتقال کے باعث تاخیر ہوئی۔ دوسری جانب کیس کی پیروی کرنے والی کمیٹی کے ممبر ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ سے ہر طرح کا تعاون کیا ہے اس کےباوجود اگر پولیس کی جانب سے ملزمان گرفتار نہیں کیے جاتے تو بہت جلد احتجاج کی کال دی جائے گی اور پوری مری جام ہو گی۔ کمیٹی کے مطابق، معیز کی تدفین سے لے کر آج تک پولیس نے جو ڈیمانڈ کی اسے پورا کیا گیا ،پولیس نے جسے شامل تفتیش کیا علاقے کا کوئی فرد اس کے پیچھے تھا نہ نہیں گیا، اس کے باوجود اگر معیز کے مجرم گرفتار نہیں ہوتے تو پھر بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔