شہید ڈی ایس پی اسد محمود خان کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا
ضلع کوہاٹ میں فتنۂ الخوارج کے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے ڈی ایس پی ،ایس ڈی پی او لاچی شہید اسد محمود خان کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں دھریک باہتر میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی، نمازِ جنازہ میں پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے شرکت کی۔
ترجمان اٹک پولیس کے مطابق، اس موقع پر شہید کو سلامی پیش کی گئی۔ پولیس افسران و جوانوں، معززینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سردار موارہن خان نے اس موقع پر شہید کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور کہا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں۔ ان کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ڈی پی کا کہنا تھا کہ پولیس فورس دہشت گردی کے خاتمے اور قیامِ امن کے لیے ثابت قدم اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔