خیبر پختونخوا،سرکاری سکولز اساتذہ کی بروقت حاضری سنگین مسئلہ بن گیا
پشاور،خیبر پختونخوا میں سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی بروقت حاضری ایک سنگین مسئلہ بن گئی ہے، جس کے حل کے لیے محکمہ تعلیم نے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے تیسرا طریقہ کار ڈھونڈ لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے بائیومیٹرک سسٹم کے بجائے موبائل ایپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو موبائل ایپ کی تیاری سے متعلق باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایپ کے ذریعے عملے کی بروقت اور درست حاضری کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ چھٹیوں کا اندراج بھی اسی نظام کے تحت کیا جائے گا۔
مزید برآں اسکول وزٹس کی نگرانی کے لیے وزٹ مینجمنٹ ماڈیول اور اینالیٹکس ڈیش بورڈ بھی تیار کیا جائے گا تاکہ کارکردگی کی مؤثر مانیٹرنگ ممکن بنائی جا سکے۔
حکام کے مطابق نئے نظام سے اسکولوں میں نظم و ضبط بہتر ہوگا اور تدریسی عمل میں شفافیت آئے گی۔