کراچی: کورنگی مرتضیٰ چورنگی کے قریب پاپڑ کی فیکٹری میں آگ ، شعلے بلند

February 25, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا

کراچی کے صنعتی علاقے کورنگی، مرتضیٰ چورنگی کے قریب واقع ایک پاپڑ بنانے والی فیکٹری میں اچانک لگی آگ نے شدت اختیار کر لی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر 6 فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے جو آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ فیکٹری میں موجود آتش گیر مادے اور پیکیجنگ میٹریل کی وجہ سے شعلے بلند ہو رہے ہیں، جس پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے عمل میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے واٹر ٹینکرز کی مدد لی جا رہی ہے، جو مسلسل فائر ٹینڈرز کو پانی فراہم کر رہے ہیں۔