خیبر پختونخوا میں لائیو اسٹاک منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح

یہ جدید نظام کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچانے اور انہیں بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

               
February 28, 2026 · قومی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لائیو اسٹاک منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایل ایم آئی ایس) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک دیہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اسے جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جدید نظام کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچانے اور انہیں بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایل ایم آئی ایس کے ذریعے لائیو اسٹاک سروس ڈیلیوری میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اسے لائیو اسٹاک کے شعبے میں اصلاحات کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس نظام کے تحت ٹول فری لائیو اسٹاک ہیلپ لائن قائم کی جائے گی، جس کے ذریعے کسان ماہرین سے براہ راست رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ مویشیوں کی ویکسینیشن، علاج اور افزائش نسل کی خدمات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

حکام کے مطابق ایل ایم آئی ایس کے ذریعے کسانوں، ویٹرنری اسپتالوں، موبائل کلینکس اور فیلڈ اسٹاف کو ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا۔ پہلی مرتبہ جیو ٹیگڈ کسانوں اور مویشیوں کا جامع ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا، جبکہ نسل، عمر اور جنس کے لحاظ سے ریکارڈ کی تیاری اور ادویات و ویکسین کی خریداری کی نگرانی بھی ڈیجیٹل نظام کے تحت ہوگی۔

مزید بتایا گیا کہ جانوروں کی شناخت کیو آر کوڈ کے ذریعے کی جائے گی اور بیماریوں کی بروقت نشاندہی کے لیے ریئل ٹائم نگرانی کا مؤثر نظام بھی فعال کیا جائے گا۔