اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

               
March 1, 2026 · قومی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت ہر قسم کے جلسے جلوس اور اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکام کے مطابق یہ اقدام ملک میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ ایران میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی اطلاعات کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔

کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر احتجاج کے دوران کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ اطلاعات کے مطابق کچھ مظاہرین قونصل خانے کے احاطے میں داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ کی۔ فائرنگ کے واقعے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

سندھ کے مختلف شہروں میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ نوابشاہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی اور ریلی نکالی گئی، جبکہ سانگھڑ میں مظاہرین نے مرکزی شاہراہ پر دھرنا دیا۔ عمرکوٹ، نوشہروفیروز، گھوٹکی اور خیرپور میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور کئی مقامات پر بازار بند رہے۔

جیکب آباد میں ڈی سی چوک پر دھرنا دیا گیا جبکہ جھل مگسی میں امام بارگاہ نقویہ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ مختلف علاقوں میں قومی شاہراہ احتجاج کے باعث جزوی طور پر بند رہی۔

حکام کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی سکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔