اس مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم ایرانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج کا دن امتِ مسلمہ، ایران اور پاکستان کے عوام کے لیے انتہائی افسوسناک ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی اطلاعات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس سانحے کے بعد پاکستان کے عوام بھی اسی طرح رنجیدہ ہیں جیسے ایران کے شہری غم کی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم ایرانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جذبات میں آکر قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی احتجاج کرنا چاہے تو اسے پُرامن اور قانون کے دائرے میں رہ کر کیا جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔