پشاور: اسرائیلی حملوں میں شہید آیت اللہ خامنہ ای و دیگر کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا
اسرائیل پورے خطے کا سب سے بڑا قاتل بن چکا ہے ، جماعت اسلامی
غائبانہ نماز جنازہ
پشاور:مرکزِ اسلامی پشاور میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی سپہ سالار آیت اللہ خامنہ ای اور دیگر شہدا کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس کے بعد اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
مرکزِ اسلامی پشاور میں منعقدہ غائبانہ نمازِ جنازہ میں کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ ممتاز عالمِ دین اور جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل نے پڑھائی۔ اس موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
نمازِ جنازہ کے بعد جماعت اسلامی کے صوبائی مرکز سے جی ٹی روڈ پر ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا (وسطی) عبدالواسع، سابق سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان، صابر حسین اعوان اور دیگر قائدین نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے مرکزِ اسلامی سے سردار گڑھی بی آر ٹی اسٹاپ تک مارچ کیا اور ایران پر اسرائیلی وحشیانہ حملوں کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے قائدین نے کہا کہ اسرائیل کی تمام انسانیت سوز کارروائیوں میں امریکی صدر ٹرمپ مکمل طور پر اس کی پشتیبانی کر رہے ہیں۔ یہ حملے امریکی ایماء پر کیے جا رہے ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈھائی سالوں سے غزہ اور فلسطین میں معصوم بچوں، خواتین اور نہتے شہریوں کا قتلِ عام جاری ہے اور اب اسرائیل پورے خطے کا سب سے بڑا قاتل بن چکا ہے۔
جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پاکستان ایران کی کھل کر حمایت کا اعلان کرے اور اسرائیل کی اس شرمناک جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر بھرپور آواز اٹھائے۔
قائدین نے واضح کیا کہ اسرائیل خطے میں امن کا دشمن ہے اور اس کے انسانیت سوز مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔