صدر آزاد کشمیر کے انتخاب کا شیڈول مؤخر
آئین کے تحت صدر کے عہدے کے خالی ہونے کی صورت میں سپیکر اسمبلی 30 دن کے اندر نیا انتخاب کرانے کے پابند ہیں
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے صدر آزاد جموں و کشمیر کے انتخاب کا شیڈول جاری نہیں کیا۔ کمیشن نے سیکرٹری قانون ساز اسمبلی کو خط لکھ کر کہا کہ انتخاب سے متعلق بھیجی گئی ہدایات میں مجاز اتھارٹی کی جانب سے کوئی واضح ہدایت شامل نہیں تھی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق آئین کے تحت صدر کے عہدے کے خالی ہونے کی صورت میں سپیکر اسمبلی 30 دن کے اندر نیا انتخاب کرانے کے پابند ہیں۔ مکتوب میں مزید کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر 20 فروری 2026 کو حلف اٹھانے کے بعد ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں اور صدر کے انتخاب کا انعقاد اور نگرانی الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ آئینی مدت کا تعین اس تاریخ سے کیا جائے گا جس روز عہدہ خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، لیکن یہ نوٹیفکیشن ابھی منسلک نہیں کیا گیا۔
سیکرٹری نے مجاز اتھارٹی سے وضاحت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ انتخابی عمل آئین و قانون کے مطابق مکمل قانونی تحفظ کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔